نئی دہلی26 اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز لندن میں بی جے پی پرالزامات لگاتے ہوئے کہا کہ مفرار شراب تاجر وجے مالیہ ہندوستان چھوڑنے سے قبل بی جے پی کے سینئر لیڈران سے ملاقات کی تھی، جس کے دستاویزی ثبوت ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ میں ان کا نام نہیں لوں گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی مودی حکومت ہندوستانی بینکوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے مالیہ جیسے لوگوں سے سختی سے پیش نہیں آرہی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ہندوستانی بینکوں کو دھوکہ دینے والے وجے مالیہ، نیرو مودی اور میہول چوکسی جیسے لوگوں کے لئے مودی حکومت ذمہ دار ہے۔
کانگریس صدر نے مزید کہا کہ نیرو مودی، میہل چوکسی اور وزیر اعظم کے درمیان ایک مخصوص’’ رشتہ‘‘ ہے، ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جہاں تک مالیہ کا تعلق ہے، ہندوستانی جیلیں بہت اچھی ہیں۔ تمام ہندوستانیوں کے لئے ایک جیسا قانون ہونا چاہئے۔